بنگلا دیش کے نئے سربراہ کا کریک ڈاﺅن کا اعلان، حسینہ واجد واپس آسکتی ہیں، بیٹا
بنگلا دیش کے نئے سربراہ کا کریک ڈاﺅن کا اعلان، حسینہ واجد واپس آسکتی ہیں، بیٹا
ڈھاکا(این این آئی )عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے بنگلہ دیش میں سازشیوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا وعدہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے سربراہ کے طور پر حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں محمد یونس نے خبردار کیا کہ انتشار کا زہر پھیلانے والوں کو قانون کی پوری طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سازش کرنے والوں نے ملک میں انتشار اور خوف کا ماحول پیدا کیا ہے۔بنگلا دیش کی سابق وزیرِ اعظم حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد کے اپنی والدہ کے وطن واپس لوٹنے کے حوالے سے مختلف بیانات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔بھارتی اخبار سے گفتگو میں حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے اب دعوی کیا ہے کہ بنگلا دیش کی سابق وزیرِ اعظم حسینہ واجد انتخابات کے وقت وطن واپس آ جائیں گی۔بنگلا دیش کی سابق وزیرِ اعظم کے صاحبزادے نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو سیاست میں آنے سے گریز نہیں کروں گا۔سجیب واجدکا مزید کہنا تھا کہ یقین ہے کہ عوامی لیگ الیکشن میں حصہ لے گی اور ہم جیت بھی سکتے ہیں۔حسینہ واجد کے بیٹے کا یہ بھی کہنا تھا کہ والدہ فی الحال بھارت میں ہیں، انتخابات کا اعلان ہوتے ہی وطن پہنچیں گی۔