منکی پاکس کا پھیلاﺅ، عالمی ادارہ صحت نے ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) براعظم افریقہ میں ایم پاکس(منکی پاکس) کے حوالے سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد عالمی ادارہ صحت نے بھی منکی پاکس کے پھیلاو کے پیش نظر عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا۔ افریقہ کے صحت عامہ کے اعلیٰ ادارے نے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو سے پڑوسی ممالک میں پھیلنے والی بیماری منکی پاکس کے پھیلنے پر منگل کو براعظم کی سلامتی کے لیے صحت کی ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔ وائرل انفیکشن قریبی رابطے سے پھیلتا ہے جس کی علامات میں فلو اور پیپ سے بھرے دانے شامل ہیں، یہ عموماً خطرناک نہیں ہوتی لیکن بیماری مہلک شکار اختیار کرنے پر یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ عالمی سطح پر کسی بیماری کے خلاف عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اعلیٰ ترین تحقیق، فنڈنگ اور بین الاقوامی صحت عامہ کے اقدامات اور بیماری پر قابو پانے کے لیے تعاون میں تیزی آتی ہے۔ کانگو میں بیماری کا پھیلاو¿ ایک وبا سے ہوا تھا جسے کلیڈ I کہا جاتا ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وائرس کی نئی شکل کلیڈI بی جسمانی رابطے سمیت قریبی تعامل کی وجہ سے تیزی سے پھیل سکتی ہے۔ یہ وائرس کانگو سے پڑوسی ممالک میں برونڈی، کینیا، روانڈا اور یوگنڈا میں پھیل گیا ہے جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ اس وبا کو روکنے اور جان بچانے کے لیے ایک مربوط بین الاقوامی اقدامات ضروری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں