روزنامہ انتخاب کے اشتہارات کی بندش حکومت کا آزاد صحافت پر حملہ اور انتقامی کارروائی کا بھونڈا طریقہ کار ہے، غلام نبی مری
کوئٹہ (پ ر ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری اور ضلعی انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ نے حکومت بلوچستان کی جانب سے معروف اخبار روزنامہ انتخاب کی واجبات کی عدم ادائیگی اور اشتہارات کی بندش کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا یہ ناروا اقدام آزاد صحافت پر حملہ اور انتقامی کاروائی کا بھونڈا طریقہ کار ہے۔ انہوں نے حکومتی رویے پر تشویش کا اظہار کیا ہے بالخصوص صحافت جیسے مقدس شعبے میں اختلافی سوچ رکھنے والوں پر قدغن لگانا اور خبر کو روکنا غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدام ہے جس سے اظہارِ رائے کی آزادی متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ روزنامہ انتخاب عوام میں سب سے مقبول اور سب سے زیادہ پڑھا جانے والا اخبار ہے جس کو ہر طبقہ کے لوگ نہایت ذوق و شوق سے مطالعہ کرتے ہیں۔ حکومت اپنے من پسند اخبارات کو کروڑوں روپے ادا کرتی ہے مگر عوامی اخبار کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بناتے ہیں، انہوں نے اس ناروا عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ روزنامہ انتخاب کے اشہارات کی بندش کو فوری طور پر ختم کر کے اشتہارات جاری کروانے کے ساتھ ہی ان کی واجبات اور بقایاجات کی ادائیگی کی جائے۔ روزنامہ انتخاب کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنانے سے جو ملازمین اس ادارے میں کام کر رہے ہیں انہیں اقتصادی مشکلات درپیش ہیں، بی این پی ہر مشکل گھڑی میں صحافت اور صحافی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھانے کے ساتھ احتجاج کا حق بھی محفوظ رکھتی ہے۔


