وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ایماپرملازم دشمن بجٹ بنایا،ریلوے ملازمین

کوئٹہ:ریل مزدورمحاذکوئٹہ ڈویژن کے زیراہتمام ریلوے ملازمین ومزدوروں نے اپنے مطالبات کے حق لوکوشیڈسے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن تک احتجاجی ریلی نکالی اورمظاہرہ کیا،مظاہرین نے پلے کارڈاوربینراٹھائے تھے اورشدیدنعرے بازی بھی کی۔اس موقع پرمظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ریل مزدورمحاذکوئٹہ ڈویژن کے رہنماں شیرمحمد بلوچ،عطامحمد بلوچ،خدابخش لانگو،عاقل خان بگٹی،مجیدزہری،محمدافضل بنگلزئی،سیدمحمد بگٹی ودیگر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ایماپرملازم دشمن بجٹ بنایاجسمیں ملازمین کو یکسرطورپرنظراندازکیاگیا،انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیاگیا گزشتہ ایک سال سے ریلوے ملازمین کیلئے گریجویٹی فنڈسمیت ٹی اے اوراورٹائم الانس بھی بندکردیاگیا ہے جس کی وجہ سے انہیں شدیدمالی مشکلات درپیش ہیں،ریلوے ملازمین کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔انہوں نے تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر ملازمین کوتنگ کیاجارہا ہے اورریلوے انتظامیہ نے کرونا وائرس کانام لیکر اکبربگٹی اوربولان ایکسپریس کوبند کردیاجس سے مسافروں کو بھی دشواری کاسامنا کرنا پڑرہا ہے انہوں نے وفاقی حکومت اوردیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ سالانہ انکریمنٹ میں کٹوتی کامسئلہ حل کرکے گریجویٹی فنڈ،ٹی اے اوراوورٹائم الانس کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر وہ احتجاج کادائرہ کارمزید وسعت دیں گے جس کی ذمہ داری حکام پرعائدہوگی۔بعدازاں مظاہرین نعرے بازی کرتے ہوئے پرامن طریقے سے منتشرہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں