سعودی عرب کا تمام بین الاقوامی مسافر پروازیں کل سےمعطل کرنے کا اعلان

ریاض:سعودی عرب نے مہلک کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں اتوار 15 مارچ سے تمام بین الاقوامی پروازیں دو ہفتے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔سعودی وزارت داخلہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ مملکت کی حکومت نے مسافروں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کو دو ہفتے تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،البتہ غیر معمولی کیس اس فیصلے سے مستثنا ہوں گے۔‘‘سعودی عرب نے پروازیں معطل ہونے سے مملکت میں لوٹنے میں ناکام رہنے والے شہریوں اور مکینوں کے لیے سرکاری تعطیل کا بھی اعلان کیا ہے۔مملکت میں واپسی پر طبّی تنہائی میں رکھے گئے افراد پر بھی اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔سعودی عرب نے جمعہ کو کرونا وائرس کے چوبیس نئے کیسوں کی اطلاع دی تھی جس کے بعد مملکت میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی چھیاسی ہوگئی ہے۔سعودی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حالیہ دنوں میں متعدد پیشگی حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں کعبۃ اللہ کے ارد گرد ایک حصار بنا دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ عمرے کی ادائی پر بھی عارضی پابندی عاید کردی گئی ہے۔مبادامختلف علاقوں اور خطوں سے تعلق رکھنے والے عازمینِ عمرہ زیادہ تعداد میں آپس میں گھلنے ملنے کی وجہ سے مہلک وائرس کا شکار ہوجائیں سعودی عرب نے گذشتہ اتوار کو کرونا وائرس سے متاثرہ چودہ ممالک کے ساتھ شہریوں کی آمد ورفت معطل کردی ہے۔ان ممالک میں ترکی،متحدہ عرب امارات ،کویت ، بحرین ، لبنان ، شام ، عراق ، مصر ، اٹلی اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔اس فیصلے کے تحت ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔اس کے علاوہ اگرکسی شخص نے گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں ان ممالک کا سفر کیا ہے تو اس کو بھی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔سعودی عرب نے ان مذکورہ چودہ ممالک کے ساتھ طیاروں کے علاوہ بحری جہازوں کی آمد ورفت بھی معطل کردی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں