سپریم کورٹ بار ایسویس ایشن کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ کامیاب

سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدارتی انتخابات میں غیر حتمی نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدر میاں رؤف عطا نے فتح حاصل کرلی جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کامیابی پر گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد دی ہے۔ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے صدارتی انتخاب میں غیر حتمی نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدر میاں رؤف عطا نے میدان مار لیا جب کہ پرفیشنل گروپ کے منیر احمد خان کاکڑ دوسرے نمبر پر رہے۔وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر گروپ کے تمام قائدین کو مبارکباد دی۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پر امید ہوں کہ نومنتخب صدر میاں رؤف عطا سمیت تمام عہدیداران بار اور وکلا کی فلاح و بہبود کے مشن کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری 26 ویں آئینی ترمیم پر عمل درآمد، آئین اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ امید ہے نومنتخب عہدیداران وکلابرادری کے مسائل کے حل سمیت اہم قانونی و عدالتی معاملات میں مثبت اور موثر کردار ادا کریں گے۔وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بھی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدراتی انتخاب جیتنے پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد پیش کی۔وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر قانون نے کہا کہ نو منتخب صدر میاں رؤف عطا بار اور وکلا کی فلاح و بہبود کا مشن جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انڈیپینڈنٹ گروپ نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور آئین و قانون کی بالادستی پر قائم رہا، پاکستان کی سب سے بڑی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی پر گروپ کے تمام قائدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اپنے بیان میں میاں رؤف عطا مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری نے ایک بہترین شخصیت کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا۔انہوں نے کہا کہ وکلاءجمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں، قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوری روایات کے فروغ میں وکلاءکا روشن کردار ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ وکلا بار اور بینچ کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب صدر اور دیگر عہدیداران آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے، فاتح پینل وکلا برادری کے مسائل کے حل اور اہم عدالتی معاملات میں موثر کردار ادا کرے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے انڈیپنڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون کو بھی رؤف عطاکی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں