خواجہ آصف کا بشریٰ بی بی کی پشاورموجودگی پراعتراض سمجھ سے بالاتر ہے،بیرسٹرسیف

پشاور (صباح نیوز)مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خواجہ آصف سمیت پوری ن لیگ کا بشریٰ بی بی کی پشاورموجودگی پراعتراض سمجھ سے بالاتر ہے۔خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ نااہل ٹولے کو پتہ ہونا چاہئے کہ پشاور پاکستان کا حصہ ہے لندن کا نہیں، نااہل لیگ کا خیال ہے بشریٰ بی بی نوازشریف اور مریم نواز کی طرح لندن کیوں نہیں گئیں۔انہوں نے کہا کہ لندن وہ بھاگتے ہیں جو ڈیل کرتے ہیں بشری بی بی نے ڈیل نہیں کی، بشری بی بی پاکستان کی شہری ہے اور پشاور پاکستان کا حصہ ہے، وہ جب تک چاہیں پشاور میں رہ سکتی ہیں، بشری بی بی نے بہادری کے ساتھ 9 ماہ قید کاٹی۔صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کی ایما پر خواتین سے کیا جانے والا سلوک سب کے سامنے ہے، مریم نواز کو ایک دن اپنے کئے کا حساب دینا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں