روس کا یوکرین کے انرجی انفرا اسٹرکچر پر حملہ، بجلی کا نظام درہم برہم
روس کی جانب سے یوکرین پر حالیہ مہینوں کے سب سے بڑے فضائی حملے میں بجلی کے نظام کو نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ اتوار کو روس نے یوکرین پر 120 میزائل اور 90 ڈرون داغے، جن کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوئے اور بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔دارالحکومت کیف میں لوگوں کی بڑی تعداد نے زیر زمین ریلوے اسٹیشنز میں پناہ لے لی جبکہ یوکرینی فوج نے روس کے 140 میزائل اور ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا۔سرکاری حکام کے مطابق روسی حملے میں یوکرین کے علاقوں Mykolaiv، Lviv، Kherson Dnipropetrovsk اور Odesa میں شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔یوکرینی صدر زیلنسکی کے مطابق روس نے یوکرین کے انرجی انفرا اسٹرکچر پر 210 میزائل اور ڈرون داغے۔صدر زیلنسکی نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کا مقصد یوکرین میں ہماری توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا تھا۔ بدقسمتی سے حملوں سے متعدد مقامات کو نقصان پہنچا ہے۔