ریکوڈک منصوبے کےلیے ماشکیل سے زیرزمین پانی کی منتقلی کا اقدام عوام دشمنی کے مترادف ہے ،نیشنل پارٹی

کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں ریکوڈک منصوبے کے لیے ماشکیل سے زیرزمین پانی کی منتقلی کے اقدام کو غیر منصفانہ عوام دشمن اور علاقائی مفادات کے مکمل خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مخالفت اور مذمت کی۔بیان میں کہا گیا کہ ماشکیل کے عوام کی معیشت کا بنیادی انحصار زراعت پر ہے اور زراعت کا واحد ذریعہ زیرزمین پانی ہے۔ اگر یہی پانی ریکوڈک منصوبے کی ضروریات کے لیے منتقل کیا گیا تو نہ صرف ہزاروں ایکڑ زرعی زمین بنجر ہو جائے گی بلکہ مقامی آبادی نانِ شبینہ کی محتاج ہو کر رہ جائے گی۔ پورا ماشکیل معاشی و سماجی تباہی کا شکار ہو کر کھنڈرات کا منظر پیش کرے گا، جو ایک سنگین انسانی المیے کو جنم دے سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ریکوڈک منصوبے کے ذریعے بلوچستان کے وسائل کو بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، مگر چاغی سمیت بلوچستان کے عوام کو اس سے معاشی یا سماجی فائدہ حاصل نہیں ہو رہا۔ ایسے میں ماشکیل کے آبی وسائل کو بھی اسی منصوبے کے لیے منتقل کرنا ظلم و زیادتی کی انتہا اور مقامی آبادی کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حکومت اپنی منفی اور غیر شفاف پالیسیوں کو ختم کریں اور بلوچستان کے وسائل پر عوام کی حقِ حاکمیت کو عملی طور پر تسلیم کرے۔ کسی بھی منصوبے کو مقامی آبادی کی رضامندی، مفاد اور بقائ کو نظرانداز کرتے ہوئے آگے بڑھانا آئینی و اخلاقی تقاضوں کے منافی ہے۔مرکزی بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی کسی ایسے منصوبے کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گی جو عوامی مفادات کے خلاف ہو، اور پارٹی ہر آئینی قانونی اور جمہوری فورم پر ماشکیل اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کا بھرپور دفاع جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے