جامعات میں سیاسی مداخلت قبول نہیں ،وہا ں ریاست مخالف ذہن سازی میں منظم گروہ ملوث ہے، سرفراز بگٹی کا چیئر مین ہائیر ایجوکیشن کمیشن سےملاقات
کوئٹہ (مانیٹر نگ ڈیسک)وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چئیرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختیار احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی جامعات میں گورننس اور کوالٹی کی بہتری پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعلٰی بلوچستان نے بلوچستان یونیورسٹیز ایکٹ میں بہتری کے لئے ایچ ای سی سے تجاویز طلب کرلی۔ جامعات کو وسائل فراہم کریں گے تو جوابدہی بھی کرنے کا حق رکھتے ہیں۔وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ جامعات میں کوالٹی اور گورننس کی بہتری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ جامعات میں کوئی سیاسی مداخلت ہوگی نہ کسی بلیک میلنگ میں آئیں گے، طالب علموں میں ریاست مخالف ذہن سازی کے عمل کو روکنا ضروری قرار دیا ہے۔ ملک بھر کی اکثر جامعات میں ریاست مخالف ذہن سازی میں منظم گروہ ملوث ہیں۔وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا ہے۔ کہ ایچ ای سی کے ساتھ ملکر بلوچستان کی جامعات کو بہتری کی راہ پر گامزن کریں گے۔