گوگل کی مدد سے کورونا پر سائٹ بنا رہے ہیں، امریکی صدر

واشنگٹن:انٹر نیٹ کی دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل امریکی حکومت کے ساتھ مل کر کورونا وائرس سے متعلق ایک ویب سائٹ تیار کر رہا ہے۔اس ویب سائٹ کا مقصد ناصرف اس وائرس کے دنیا بھر میں پھیلاو اور ہلاکت خیزی سے صارفین کو آگاہ رکھنا ہے بلکہ اس سے بچاو اور حفاظت کے لیے علاج اور طریقہ کار سے بھی آگاہی دینا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وائٹ ہاوس گوگل کے اشتراک سے ایک ویب سائٹ بنا رہا ہے جس سے لوگوں کو کورونا وائرس کے متعلق رہنمائی اور ٹیسٹ کے حوالے سے سہولت میسر ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ اس سائٹ پر صارفین سے کورونا کی علامات کو جانچنے کے لیے چند سوالات پوچھے جائیں گے جن کے جواب پر یہ سائٹ ناصرف یہ طے کرے گی کہ صارف کو کورونا کے ٹیسٹ کی ضرورت ہے یا نہیں بلکہ یہ کورونا کی علامات والے صارفین کی قریبی کورونا ٹیسٹ کے کلینک یا لیبارٹری تک رہنمائی بھی کرے گی۔صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اس ویب سائٹ کی تیاری کے لیے گوگل کے 1 ہزار سے زائد انجینئرز کام کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں