ایران کی پاکستانی شہریوں کےقاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی، میتیں آج فوجی طیارے میں واپس لائی جائیں گی

ویب ڈیسک : ایران میں قتل ہونے والے 8 پاکستانیوں کی میتیں آج رات وطن واپسی کے لیے روانہ ہوں گی، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ میتیں فوجی طیارے کے ذریعہ واپس لائی جائیں گی، خصوصی طیارہ میتیں لانے کے لیے زاہدان پہنچے گا، میتیں رات 2 بجے کے قریب بہاولپور پہنچ جائیں گی، ائیرپورٹ پر تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔سفارتی ذرائع کے مطابق ایران میں قتل کیے گئے 8 پاکستانی شہریوں کی میتیں آج رات خصوصی فوجی طیارے کے ذریعے وطن واپس لائی جائیں گی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ میتیں لے کر جانے والا خصوصی طیارہ ایرانی شہر زاہدان پہنچے گا۔ جہاں سے میتیں وطن کے لیے روانہ کی جائیں گی۔سفارتی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ میتیں رات تقریباً 2 بجے بہاولپور ایئرپورٹ پہنچنے کی توقع ہے۔ ایئرپورٹ پر ایک تعزیتی تقریب کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں حکومتی و عسکری نمائندے شریک ہوں گےاس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو ایرانی وزیرخارجہ نے ٹیلی فون کیا، ٹیلی فونک رابطے میں 8 پاکستانیوں کے ایران میں قتل کے واقعے پر بات چیت کی گئی، عباس عراقچی نے اسحاق ڈار کو واقعے میں ملوث مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستانیوں کے قتل پر تعزیت کرتے ہوئے قصور واروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور مقتولین کی وطن واپسی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔