بلوچستان میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ

ویب ڈیسک : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے بلوچستان کے جنوبی اور مشرقی اضلاع میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر سیلاب کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے مطابق، لسبیلہ، حب، خضدار، اواران، بارکھان، سوئی، سبی، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، کوہلو، قلات، ڑوب، کیچ، گوادر، پسنی، اورماڑہ، سوراب اور جنوبی واشک کے علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے جو مقامی آبادی اور انفراسٹرکچر کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ امدادی ٹیمیں تشکیل دیں ایمرجنسی شیلٹرز تیار کریں اور متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تیاری رکھیں۔ اس کے علاوہ، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے مکمل طور پر گریز کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔حکام نے کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر پارک کرنے اور پانی سے بھری سڑکوں یا انڈرپاسز کو عبور کرنے سے اجتناب کرنے کی تلقین کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں