برطانیہ نے پی آئی اے کو کارگو آپریشن شروع کرنے کا لائسنس جاری کردیا
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو کارگو آپریشن شروع کرنے کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔ پی آئی اے کو برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ”ایئر کارگو کیریئر تھری (ACC3)“ سرٹیفکیٹ ملا ہے جو آئندہ پانچ سال تک یعنی 2030 تک قابل عمل رہے گا۔ اس سرٹیفکیٹ کے اجراءسے پی آئی اے کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے برطانیہ کے لیے کارگو پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔ پی آئی اے کے مطابق کارگو پروازیں اکتوبر سے شروع کی جائیں گی، جن میں سب سے پہلے مانچسٹر کو شامل کیا جائے گا اور بعد ازاں برمنگھم اور لندن تک پروازیں بڑھائی جائیں گی۔ یہ اجازت نامہ پاکستان سول ایوی ایشن اور برطانوی ٹیم کے ان سائٹ آڈٹ کے بعد جاری کیا گیا۔ تاہم براہ راست مسافروں کی پروازوں کے حوالے سے پی آئی اے کو ایک دھچکا بھی لگا ہے، کیونکہ قومی ایئر لائن تھرڈ کنٹری آپریشن (TCO) لائسنس حاصل کرنے میں ناکام رہی، جبکہ نجی ایئرلائن ایئربلیو کو یہ اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا ہے، جبکہ ایئربلیو کے ایئربس 320 اور 321 طیارے ترکیہ میں ری فیولنگ کے بعد برطانیہ تک پرواز کریں گے۔


