وزارت مذہبی امور نے مجبوری کے باعث حج پر نہ جاسکنے والے عازمین کیلئے پالیسی جاری کردی
اسلام آباد (آئی این پی) کسی بھی مجبوری کے باعث حج پر نہ جانے والے رجسٹرڈ عازمین کیلئے وزارت مذہبی امور کی پالیسی سامنے آگئی۔ وزارت مذہبی امور کی پالیسی دستاویز کے مطابق بیماری کے باعث سفر نہ کرنے والا شخص پیسے واپس یا کسی اور کو نامزد کرسکتا ہے۔ تاہم حج پر نہ جانے کی ٹھوس وجہ اور ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ فوت ہونے والے کی جگہ کوئی بھی رشتہ دار حج پر جاسکتا ہے۔ دستاویز مجبوری کی وجہ سے حج پر نہ جانے والا شخص بھی کسی کونامزد کرسکتا ہے، بوجہ مجبوری حج پرنہ جاسکنے والے شخص کو رقم واپس لینے کا بھی اختیار ہوگا، رقم واپسی یا متبادل شخص کوحج پر بھجوانے کے لیے ٹھوس وجہ بتانا ہوگی۔ رجسٹرڈ حاجی کی بیماری یا انتقال کا دستاویزی ثبوت بھی لازمی قرار دے دیا گیا، حج پر نہ جانے کی وجہ درج کرکے اسٹامپ پیپر جمع کرانا ہوگا، درخواست کے ہمراہ بینک رسید اور شناختی کارڈ کی کاپی بھی دینا ہوگی۔


