وفاقی حکومت سن لے، حکومت خیبرپختونخوا آپریشن یا لوگوں کے بے گھر ہونے کی حمایت نہیں کرتی، گنڈاپور
ویب ڈیسک ؛ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان کی حکومت صوبے میں کسی بھی آپریشن کی حمایت نہیں کرتی۔پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کی حمایت کرتے ہیں، وفاقی حکومت سن لے، حکومت خیبرپختونخوا آپریشن یا لوگوں کے بے گھر ہونے کی حمایت نہیں کرتی۔‘علی امین گنڈاپور نے ’وفاقی اداروں‘ پر زور دیا کہ وہ افغانستان سے بات کریں اور ملک میں دہشت گردی کے مسئلے کو حل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم جنگ نہیں چاہتے اور اس کے خلاف آواز بلند کریں گے۔‘
آج کے جلسے میں وزیراعلیٰ نے عدلیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ آئین کے مطابق انصاف فراہم کرے، انہوں نے کہا کہ ’عمران خان، ان کی اہلیہ اور عوام کو انصاف دیا جائے۔‘علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد برائے ’حقیقی آزادی‘ اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک کامیابی حاصل نہیں ہو جاتی۔فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ آپ پر لازم ہے کہ آپ اپنا کردار ادا کریں اور عمران خان کا مسئلہ حل کریں‘، جس طرح بانی پی ٹی آئی نے مئی کے بھارت سے تنازع کے دوران فوج کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنا کردار ادا کیا تھا۔جلسے کے آغاز پر پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے اعلان کیا کہ عمران خان کے ’ویڈیو پیغامات‘ جلسے میں دکھائے جائیں گے۔بعدازاں، ایک ویڈیو چلائی گئی، جس میں عمران خان کا خطاب تھا، جو بظاہر کسی پرانے عوامی اجتماع کا تھا۔پارٹی رہنما اعظم سواتی نے بھی جلسے سے خطاب کیا اور عہد کیا کہ وہ ’ظلم ’ سہتے رہیں گے جب تک عمران خان جیل سے رہا نہیں ہو جاتے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران جلد جیل سے نکلیں گے اور ملک کو ترقی، خوشحالی اور امن کی جانب لے جائیں گے۔


