وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور وزارت اعلیٰ سے مستعفی، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ ہوں گے، سلمان اکرم راجا

پشاور (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو خیبرپختونخوا کی وزارت اعلیٰ سے ہٹائے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی جگہ سہیل آفریدی کو کے پی کا نیا وزیر اعلی نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ بات درست ہے کہ علی امین کی جگہ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے وزیراعلی ہوں گے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی بدترین صورتحال ہے اور عمران خان اورکزئی میں رونما ہونے والے واقعے پر غمزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک تاثر پیدا ہو گیا تھا کہ ہماری صوبائی حکومت وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی مددگار ہے اور سہیل آفریدی سے خان صاحب کی توقع ہے کہ وہ خود کو اس سے دور رکھیں گے۔ وہ واشگاف الفاظ میں کہیں گے کہ ہم وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو نہیں مانتے اور یہ انتہائی اہم بات ہے۔ پی ٹی آئی اس حوالے سے وفاقی حکومت کی رہنمائی کرے گی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ’وزیراعلی کی پوزیشن عمران خان صاحب کی امانت تھی اور ان کے حکم کے مطابق ان کی امانت ان کو واپس کر کے اپنا استعفیٰ دے رہا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں