20 اسرائیلی یرغمالی رہا، متعدد فلسطینی قیدی بھی غزہ پہنچ گئے، مشرق وسطیٰ میں ایک نئے تاریخی دور کا آغاز کررہے ہیں، ٹرمپ
تل ابیب (ویب ڈیسک) اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ مشرقِ وسطیٰ کے ایک نئے تاریخی دور کا آغاز ہے، یہ اسرائیل اور پوری دنیا کے لیے غیر معمولی کامیابی ہے، اسرائیل نے وہ سب کچھ جیت لیا ہے جو طاقت کے بل پر جیتا جا سکتا تھا۔ امریکی صدر نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ میدان جنگ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیابیوں کو پورے مشرق وسطیٰ کے لیے امن اور خوشحالی کے حتمی انعام میں تبدیل کیا جائے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے لیے بھی، دوستی اور تعاون کا ہاتھ ہمیشہ کھلا ہے، تمام مشکلات کے باوجود، ہم نے ناممکن کوممکن بنا دیا، یرغمالیوں کو وطن واپس لے آئے ہیں۔ علاوہ ازیں اسرائیلی میڈیا نے فلسطینی تنظیم حماس نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی (آئی سی آر سی) کے حوالے کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب جنوبی غزہ کے شہر خان یونس اور مغربی کنارے کے شہر رام اللہ درجنوں فلسطینی قیدی پہنچائے جاچکے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیل نے حماس کی جانب سے 7 یرغمالیوں کو رہا کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حماس کی قید سے رہائی پانے والے یرغمالی ان کے پاس پہنچ چکے ہیں، جو اسرائیل واپس پہنچنے کے بعد ابتدائی طبی تشخیص کے عمل سے گزریں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق حماس نے مرحلہ وار تمام 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا۔ پہلے مرحلے میں 7 اور دوسرے مرحلے میں 13 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق رہائی پانے والوں میں متان اینگریسٹ، ایتان مور، گلی برمن، زیو برمن، عمری میران، ایلون اوہیل اور گائے گلبوا دلال شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر رہا کیے گئے اسرائیلیوں کی تصاویر شئیر کیں اور لکھا، ’غزہ میں 738 دن قید رہنے کے بعد ماتان، گالی، زیو، الون، ایتان، عمری اور گائے اپنے گھر واپس آرہے ہیں۔‘ اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کا عمل صبح سے شروع کیا گیا، تاہم اسرائیلی حکام نے واضح کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام یرغمالیوں کی لاشیں آج واپس نہیں مل سکیں گی۔


