1.2 ارب ڈالر قسط کی ادائیگی، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان 7 ارب ڈالرز سے زائد کے قرض پروگرام کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا، ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی، حکام نے آئی ایم ایف کو قرض پروگرام پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرادی۔ آئی ایم ایف نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ قرض پروگراموں پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔ اگر منظوری مل گئی تو آئی ایم ایف، پاکستان کو ایک ارب ڈالر اپنی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت اور 20 کروڑ ڈالر اپنی لچک اور پائیداری سہولت (آر ایس ایف) کے تحت فراہم کرے گا، جس سے ان دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔


