ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری، جاپانی بینک بھی قرض فراہم کرنے والے گروپ میں شامل ہوگیا
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون (جے بی آئی سی) نے ریکو ڈک منصوبے کے لیے قرض فراہم کرنے والے گروپ میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کی۔ یہ پیشرفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن ڈی سی میں امریکی، چینی اور جاپانی حکام کے ساتھ ہونے والی اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے دوران سامنے آئی۔ جمعہ کو جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیر خزانہ نے واشنگٹن ڈی سی میں اپنی مصروفیات کے چوتھے دن آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گروپ کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے دوران مختلف ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے گورنر جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون (جے بی آئی سی) نوبومیتسو ہایاشی سے ملاقات میں بینک کی ریکو ڈک لینڈر گروپ میں باضابطہ شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کرے گا اور جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کی ترغیب دے گا۔ محمد اورنگزیب نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کو حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات پر بھی زور دیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی کانگریس چیئرمین یو ایس ہاو¿س فنانشل سروسز کمیٹی مین فرینچ ہل سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان مالیاتی اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، خصوصاً مالیاتی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن، نئی معیشت، معدنی وسائل کی ترقی اور آئی ٹی شعبے میں تعاون پر زور دیا گیا۔


