تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز، افغان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی، نئی ممکنہ ٹیم زمبابوے ہوگی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ 17 نومبر سے شیڈول سیریز میں پاکستان اور افغانستان کے ساتھ سری لنکن ٹیم نے شرکت کرنا تھی۔ افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں 17 سے 29 نومبر تک شیڈول سہہ فریقی سیریز میں شریک نہ ہونے کا اعلان ایسے موقع پر کیا ہے، جب دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی کشیدگی عروج پر ہے اور ایسے میں افغان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور دونوں ملکوں کے کرکٹ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ تاہم، پی سی بی نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ افغان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ افغان کرکٹ بورڈ کی معذرت کے بعد پی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سہہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے شیڈول کے مطابق ہو گی اور میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی دستبرداری کے بعد تیسری ممکنہ ٹیم زمبابوے ہوگی۔


