ایمان مزاری اور ہادی چھٹہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں فوری رہا کیا جائے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں انسانی حقوق کی کارکن اور ماہرِ قانون ایمان مزاری ایڈوکیٹ اور ہادی چھٹہ ایڈوکیٹ کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان مزاری ایڈوکیٹ ایک سرگرم انسانی حقوق کی کارکن ہیں جو ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مسلسل آئینی اور پرامن جدوجہد کا حصہ رہی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانا کسی بھی جمہوری معاشرے میں جرم نہیں بلکہ ایک آئینی اور قانونی حق ہے، مگر بدقسمتی سے انسانی حقوق کے کارکنوں کو مختلف مقامات پر نشانہ بنا کر گرفتار کرنا منفی، غیر جمہوری اور قابلِ مذمت عمل ہے۔نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ وکلا اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو ہراساں کرنا دراصل اختلافِ رائے کو دبانے کی کوشش ہے، جو جمہوری اقدار اور آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ نیشنل پارٹی ایمان مزاری ایڈوکیٹ اور ہادی چھٹہ ایڈوکیٹ کی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں