بلوچستان کے عوام شہداء کے خون کے قرض دار ہیں جو مقدس خون اس دھرتی پر بہایا گیا ہے اس کا حساب لیا جائے گا، سرفراز بگٹی
کوئٹہ:تعلقا ت عامہ بلوچستا ن کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 31 جنوری کو کوئٹہ میں پیش آنے والے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے گھروں کا دورہ کے موقع پر کہا ہے کہ یہ بچے صرف ایک خاندان ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا روشن مستقبل اور امید ہیں انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان شہداءکے خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ان کی کفالت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مروجہ معاوضہ پالیسی کے تحت پولیس شہداءکے لواحقین کی فوری مالی معاونت سمیت دو دو سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں گی ان میں سے ایک ملازمت محکمہ پولیس میں جبکہ دوسری کسی دوسرے سرکاری محکمے میں دی جائے گی انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ تمام تعیناتی آرڈرز ایک ہفتے کے اندر جاری کیے جائیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا کہ شہداءکے بچوں کی تعلیم سے متعلق تمام تر اخراجات حکومت برداشت کرے گی تاکہ وہ بلا خوف و فکر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں انہوں نے شہید اے ایس آئی محمود الرحمن کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سریاب تھانے کو ان کے نام سے منسوب کرنے کے احکامات بھی جاری کیے انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے شہداءکے لواحقین کو گھر کی تعمیر اور دیگر ضروریات کے لیے پچپن لاکھ روپے فراہم کئے جاررہے ہیں جبکہ ان کی بہبود کے لیے حسب ضرورت دیگر ممکنہ وسائل بھی مہیا کیے جائیں گے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام شہداءکے خون کے قرض دار ہیں ہم اپنے شہداءکے لواحقین اور غازیوں کو کبھی لاوارث نہیں چھوڑیں گے انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں، بالخصوص ہندوستان کے ایماءپر دہشت گرد عناصر کے ذریعے پاکستان اور بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں تاہم ایسی تمام سازشیں ناکام ہوں گی انہوں نے واضح کیا کہ جو مقدس خون اس دھرتی پر بہایا گیا ہے اس کا حساب لیا جائے گا اور قوم و ریاست کے دشمنوں کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مکمل، شفاف اور پیشہ ورانہ تحقیقات جاری ہیں جس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے تحقیقاتی ٹیمیں چوبیس گھنٹے سات دن کام کر رہی ہیں دہشت گردی کے ان واقعات میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ریاست دشمن عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لے گی اس موقع پر صوبائی وزراءبخت محمد کاکڑ، عاصم کرد گیلو، نور محمد دمڑ، میر ظہور بلیدی، حاجی علی مدد جتک، مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ زہری، پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان، کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے.


