جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایران میں آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا، یو اے ای اور کویت پر میزائل، ڈرون حملوں کی اطلاعات
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد ایران کی لاوان آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا، جہاں حملے کے بعد آگ لگ گئی تاہم عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا، الجزیرہ کے مطابق نیشنل ایرانی آئل ریفائننگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے لاوان جزیرے پر واقع آئل ریفائنری کو صبح 06:30 جی ایم ٹی پر نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ واقعے کے بعد سیفٹی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہو گئیں اور آگ پر قابو پانے اور تنصیب کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کمپنی کے مطابق بروقت انخلا کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، یہ بیان مہر نیوز ایجنسی کے ذریعے جاری کیا گیا۔ دوسری جانب ایران کی لاوان آئل ریفائنری پر حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، یو اے ای اور کویت پر میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔


