رکھنی، سیاہ کاری کے شبہ میں خاتون کا مبینہ قتل

رکھنی(یو این اے )ضلع بارکھان کی تحصیل رکھنی کے علاقے گلو دامان میں سیاہ کاری کے مبینہ الزام میں ایک خاتون کو قتل کر دیا گیا، جس کے بعد علاقے میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے رکنی ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم مکمل کرنے کے بعد میت تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اس افسوسناک واقعے کے بعد مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور عوامی حلقوں نے پولیس و ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوں سے تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے، تاہم تاحال واقعے کا مقدمہ درج ہونے یا کسی گرفتاری کی باقاعدہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ علاقے کے معتبرین نے بھی اس قسم کے واقعات کی روک تھام اور انصاف کی فراہمی پر زور دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں