ایران کے پاس زیر زمین ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں جنہیں وہ دوبارہ استعمال کرسکتا ہے، امریکی انٹیلی جنس رپورٹ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی انٹیلی جنس جائزوں سے واقف حکام کے مطابق ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں جنہیں زیرِ زمین اسٹوریج سے لانچرز نکال کر دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کی کوشوں میں مصروف ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے کہا ہے کہ اس جنگ بندی کا مقصد نہ صرف بحری راستوں کی بحالی ہے بلکہ ایران، امریکی افواج اور خطے کی ریاستوں کو مزید حملوں سے محفوظ رکھنا بھی ہے۔ تاہم بعض امریکی اہلکاروں کو خدشہ ہے کہ ایران اس وقفے کو اپنی میزائل صلاحیت دوبارہ منظم کرنے کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے صحافیوں سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ ایران کا میزائل پروگرام عملی طور پر تباہ ہوچکا ہے اور لانچرز و میزائل ناکار ہوگئے ہیں۔ تاہم امریکی انٹیلی جنس رپورٹس اس دعوے سے جزوی طور پر مختلف تصویر پیش کرتی ہیں۔


