اسپیکر اسمبلی کو کپتان کے طور پر چلا رہے ہیں، چیمبر میں بلا کر معطل کرنے کی دھمکی دی، مولانا ہدایت الرحمن
کوئٹہ (این این آئی) حق دو تحریک کے رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے کہا ہے کہ اسپیکر نے انہیں اپنے چیمبر میں معطل کرنے کی دھمکی دی ہے ، اسپیکر اسمبلی کو کپتان کے طور پر چلا رہے ہیں ، ان کے روئےے کے خلاف پورے بلوچستان میں احتجاج کریں گے،اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنی چاہےے ۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ اسمبلی کے اجلاس میں شراب خانوں، درسی کتب کی عدم فراہمی پر دی جانے والی رپورٹس پر بات کرنے کی کوشش کی جس پر اسپیکر نے بات کرنے نہیں دی، اسپیکر کی جب مرضی ہو وہ مجھے بات کرنے دیتے ہیں جب انکی مرضی نہ ہوتو بات نہیں کرنے دیتے جب ان کی اپنی جماعت کے ارکان نے بات کرنی ہو تو اس وقت کوئی قانون اور ایجنڈانہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آج جب صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو کے ہمراہ اسپیکر چیمبر گیا تو انہوں نے مجھے ایک بار پھر دھمکی دی کہ وہ مجھے ایک دن کے بعد ،تین دن اور ایک ماہ تک معطل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسپیکر بنیں کیپٹن نہ بنیں میرے اوپر 18ایف آئی آر ہیں، تشدد ، قید و بند کی صعبتیں برداشت کرکے رکن اسمبلی منتخب ہوا ہوں آج اپوزیشن لیڈر نے بھی وزیراعلیٰ سے اسپیکر کے روئےے پر بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں روکنے کی کوشش عوام کی آوازدبانے کی کوشش ہے ہم دھکمیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔


