چاغی، زیر زمین پانی کی سطح میں کمی، ٹیوب ویل اور کنویں خشک، زمینیں بنجر ہونے لگیں، ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے، عوامی حلقے

چاغی (نامہ نگار) چاغی میں پانی کی زیر زمین سطح کو برقرار رکھنے کے لیے ڈیمز تعمیر کیے جائیں۔ چاغی شہر کے گردونواح میں 500 ٹیوب ویل، کنویں اور بورنگ خشک ہوچکے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث چاغی شہر میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی، چاغی اور گردونواح میں زرعی زمینیں بنجر ہونے لگی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث چاغی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک گرچکی ہے، اگر چاغی میں ڈیمز تعمیر نہ کیے گئے تو واٹر ہارویسٹنگ اور بورنگ پر پابندی جیسے اقدامات ناگزیر ہوجائیں گے، زمینداری بری طرح متاثر ہوگی۔ چاغی میں بارشوں کا اوسط سالانہ انتہائی کم ہے مگر اس کے باوجود پانی کے اسٹوریج کے لیے ڈیمز نہ ہونے کے برابر ہیں، چاغی کے اکثر لوگوں کا ذریعہ معاش زمینداری ہے۔ چاغی میں پانی کی سطح گر جانے سے زمینداروں کے 500 ٹیوب ویل اور بورنگ خشک ہوئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری، ایم پی اے چاغی حاجی صادق خان سنجرانی اور ایم این اے رخشان ڈویژن حاجی عثمان بادینی سے پر زور اپیل کی ہے کہ بارش کے پانی کو اسٹوریج کرنے کے لیے چاغی میں ڈیمز تعمیر کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں