کوہلو میں کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا عمل شروع نہ ہوسکا، زمینداروں کی تشویش میں اضافہ، فوری انٹری کا مطالبہ
کوہلو (نامہ نگار) صوبہ بھر میں کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہونے کے باوجود ضلع کوہلو میں اس عمل میں تعطل کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث مقامی زمینداروں کی بڑی تعداد تاحال اس اہم سہولت سے محروم ہے، ذرائع کے مطابق محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران کی جانب سے نئے کسان کارڈز کی انٹری کا عمل شروع نہیں کیا جا رہا، حالانکہ یہ اسکیم کسانوں کی بہتری اور زرعی ترقی کے لیے نہایت اہم قرار دی جا رہی ہے۔ اس صورتحال پر کاشتکاروں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ کسان کارڈ کے ذریعے انہیں مختلف سرکاری سہولیات اور مراعات حاصل ہوسکتی ہیں، مگر انٹری کے عمل میں تاخیر کے باعث وہ ان فوائد سے محروم ہیں، کاشتکاروں نے ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوہلو میں کسان کارڈ کی رجسٹریشن اور انٹری کا عمل فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف کسانوں کو فائدہ ہوگا بلکہ علاقے کی مجموعی زرعی پیداوار اور ترقی میں بھی بہتری آئے گی۔


