ایرانی کارگو جہاز تحویل میں لینا باعث تشویش ہے، امریکی ناکہ بندی کا مقصد چین پر دباﺅ ڈالنا ہے، چینی وزارت خارجہ
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کا امریکہ کی جانب سے ایرانی جہاز تحویل میں لیے جانے پر ’تشویش‘ کا اظہار۔ امریکی سینٹ کام کی جانب سے جاری کردہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکی جہاز کو ایرانی پرچم بردار کارگو جہاز پر فائرنگ کی گئی۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع ہونے چاہییں۔ یہ بیان ایرانی پرچم بردار جہاز ’توسکا‘ کو تحویل میں لیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاﺅں کن نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ کہ چین کو امریکی افواج کی جانب سے ایرانی جہاز کو ’زبردستی روکے جانے‘ پر ’تشویش‘ ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ اس سے قبل بھی امریکہ کی جانب سے ایران کی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کو ’غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک‘ قرار دے چکی ہے۔ چین ایران کے برآمد کیے جانے والے تیل کا لگ بھگ 90 فیصد خریدتا ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کا مقصد چین پر دباﺅ ڈالنا ہو سکتا ہے تاکہ وہ ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔


