بلوچستان بورڈ کے عملے کا گرلز امتحانی مراکز میں طالبات کیساتھ ناروا سلوک قابل مذمت ہے، ریحانہ حبیب جالب
کوئٹہ (آ ن لائن) سینئر سیاستدان اور معروف سماجی کارکن میڈم ریحانہ حبیب جالب نے بلوچستان بورڈ کے عملے کی جانب سے امتحانی مراکز میں طلبہ، خصوصاً طالبات، کے ساتھ ناروا سلوک اور بدتمیزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق بعض مرد اہلکار گرلز امتحانی مراکز میں داخل ہوکر نقل کی روک تھام کے نام پر طالبات کی تلاشی لیتے رہے، جس سے اخلاقی حدود پامال ہوئیں اور طالبات و ان کے اہل خانہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال محض نچلے عملے کی کارروائی نہیں بلکہ اس کے پیچھے پالیسی اور نگرانی کی ناکامی ہے، جس کی ذمہ داری براہِ راست چیئرمین بلوچستان بورڈ پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے بقول، بلوچستان جیسے معاشرے میں اس نوعیت کے اقدامات نہ صرف غیر مناسب بلکہ غیر ذمہ دارانہ اور ناقابلِ قبول ہیں۔میڈم ریحانہ حبیب جالب نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین بورڈ کے کردار سمیت پورے معاملے کی فوری اور شفاف انکوائری کی جائے، اور یہ واضح کیا جائے کہ کس بنیاد پر ایسے اقدامات کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا سدباب ممکن ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبات کی عزتِ نفس اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور امتحانی شفافیت کے نام پر غیر قانونی اور غیر اخلاقی رویوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔


