جنگ بندی اقدام کے باوجود افغانستان سے پاکستان پر حملے جاری رہے، برطانوی موقف زمینی حقائق کی عکاسی نہیں کرتا، دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سرحدی صورتحال پر برطانوی موقف زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتا۔ ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے سرحد پار دہشتگردی اور دراندازی کی کوششیں بلا تعطل جاری رہیں، مارچ میں پاکستان کے جنگ بندی اقدام کے باوجود افغانستان سے حملے جاری رہے، افغان طالبان کی بلااشتعال سرحد پار فائرنگ اور دہشتگرد کارروائیوں میں 52 شہری شہید اور 84 افراد زخمی ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے شہری ہلاکتوں کے الزامات بے بنیاد اور غیر مصدقہ ہیں، پاکستان نے افغانستان سے دراندازی کی متعدد کوششیں ناکام بنائیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی اصل وجوہات کو نظرانداز کرنا غیر متوازن موقف کی عکاسی ہے، پاکستان افغانستان سرحدی صورتحال پر برطانوی موقف زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتا، عالمی برادری علاقائی صورتحال اور پاکستان کی قربانیوں کا ادراک کرے، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں