کوئٹہ، ارباب ٹاﺅن کے قریب جھگیوں میں آتشزدگی، 6 ماہ کی بچی جاں بحق، گھریلو سامان خاکستر ہوگیا، ریسکیو ذرائع
کوئٹہ (یو این اے) کوئٹہ کے علاقے ارباب ٹاﺅن کے قریب قائم جھگیوں میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک6 ماہ کی معصوم بچی جھلس کر جاں بحق ہوگئی، جبکہ متعدد جھگیاں اور لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق جھگیوں میں لکڑی، کپڑے، پلاسٹک اور دیگر آتش گیر سامان موجود ہونے کے باعث آگ نے چند ہی لمحوں میں کئی جھونپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی گئی۔ امدادی کارکنوں نے بچی کی لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں متعدد گاڑیوں نے حصہ لیا، جبکہ قریبی آبادی کو بھی حفاظتی طور پر الرٹ کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔


