پشتون بی ایل اے کی آزادی کی جنگ میں رکاوٹ نہیں تو ان کیخلاف کارروائیوں سے گریز کیا جائے، نواب ایاز جوگیزئی
کوئٹہ (ویب ڈیسک) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی نے چمن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان لبریشن آرمی بی ایل اے کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پشتون ان کی آزادی کی جنگ میں رکاوٹ نہیں بن رہے تو پشتون اضلاع کوئٹہ، سبی، ہرنائی، دکی اور موسیٰ خیل میں کارروائیوں سے گریز کیا جائے۔ نواب ایاز جوگیزئی نے کہا کہ مزدوروں کے اغوا، مقامی افراد کے قتل اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے جیسے واقعات کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج کے جلسے کی مناسبت سے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پشتون علاقوں میں تشدد اور بدامنی سے اجتناب کیا جائے۔ورنہ اس کے بہت خطرناک نتائج ہوں گے۔ پشتون اضلاع کوئٹہ، سبی، ہرنائی، دکی، موسی خیل میں بدامنی ناقابلِ قبول ہے۔ پشتون قوم قانون اور آئین پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جو بھی دہشت گرد تنظیم امن خراب کرے گی، ریاست اور عوام مل کر اس کا راستہ روکیں گے۔


