پشتونوں کے املاک ،ٹرکوں کو جلانا اب ناقابلِ برداشت، واقعات روکنا ریاست کی ذمہ داری ہے، نواب ایاز جوگیزئی

قلعہ سیف اللہ ( این این آئی)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام قلعہ سیف اللہ علاقہ ادوالہ کلی علوزئی کے مقام پر ایک پروقار شمولیتی پروگرام منعقد ہوا۔ جس کی صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کی۔شمولیتی پروگرام میں ملک سیف اللہ علوزئی، حاجی احسان اللہ علوزئی، میرداد آکا علوزئی، غفار آکا علوزئی، طور آکا علوزئی اور عطاءمحمد جلالزئی کی قیادت میں 85 افراد نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر نئے کارکنوں کے لیے ایک نیا تنظیمی یونٹ بھی قائم کیا گیا، جبکہ ضلعی صدر حاجی دارا خان جوگیزئی نے ان سے باقاعدہ حلف لیا۔شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پشتون ٹرکوں کو جلانے اور معصوم پشتون ڈرائیوروں کے مسلسل قتل جیسے واقعات اب ناقابلِ برداشت ہو چکے ہیں اور ان پر فوری اور موثر روک لگانا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبر، ناانصافی اور جاری امتیازی سلوک کے خلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور، منظم اور جمہوری احتجاج کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ اور پشتون بھائی چارہ ایک تاریخی حقیقت ہے، تاہم اس کے نام پر پشتون قوم کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی یا حقوق سے محرومی ہرگز قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وسائل کی لوٹ مار، ٹرکوں کو نذرِ آتش کرنا اور محنت کش کان کنوں کے قتل جیسے اقدامات کسی بھی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ان کے خلاف آواز ہر فورم پر بلند کی جائے گی۔صوبائی سیکرٹری ثقافت حیات اللہ میرزئی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایک مضبوط، منظم اور باشعور سیاسی پلیٹ فارم ہی مظلوم عوام کو ان کے حقوق دلا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قوم میں سیاسی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آئینی اور جمہوری ذرائع سے اپنے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی صدر حاجی دارا خان جوگیزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی اپنے آبا¶ اجداد کی زمینوں پر ہونے والی ہر قسم کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور قبضہ گیری کے خلاف آئینی، قانونی اور عوامی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور اب کسی کو بھی جعلی این او سی یا کسی بھی غیر شفاف طریقے سے ان کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تحصیل صدر عزیز احمد عزیز نے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور عملی سیاست میں حصہ لے کر اپنی قوم کی رہنمائی کریں، کیونکہ باشعور نوجوان ہی مستقبل کی سمت کا تعین کرتے ہیں۔شمولیتی پروگرام کے دیگر مقررین نے کہا کہ گرفتاریاں، پروفائلنگ اور بے گناہ افراد کی شہادتیں اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ریاست پر لازم ہے کہ وہ شہریوں کو آئین کے مطابق بنیادی حقوق، جن میں تعلیم، صحت اور روزگار شامل ہیں، فراہم کرے، کیونکہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ ہے۔شمولیتی پروگرام کے اختتام پر ضلعی صدر نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں سے حلف لیا اور علاقہ ادوالہ، تحصیل قلعہ سیف اللہ میں پارٹی کے نئے یونٹ کے قیام کا باضابطہ اعلان بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں