امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات 21 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، پاکستان
پاکستان کے دفترِ خارجہ کی جانب سے ہفتے کے روز جاری بیان کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد اگلے مرحلے میں دونوں ملکوں کے نمائندے کل سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کریں گے۔بیان کے مطابق اپنے ثالثی کے کردار کو جاری رکھتے ہوئے اس مرحلے میں بھی سہولت فراہم کرتا رہے گا جب کہ مذاکرات میں ایران، امریکا اور پاکستان کے علاوہ قطر کے نمائندے بھی بطور ثالث شریک ہوں گے۔امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے عبوری امن معاہدے میں فریقین نے 60 دن کے اندر ایک نئے جوہری معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں پر اتفاق کیا تھا۔سوئٹزرلینڈ میں اس مذاکراتی بیٹھک کی تیاریاں پہلے ہی مکمل ہو چکی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں ملکوں کے نمائندے مذاکرات میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوچکے ہیں۔ امریکا کی جانب سے صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف جب کہ ایرانی وفد کی قیادت وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کریں گے۔پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اہم ترین دورے پر تہران میں موجود ہیں، جہاں ان کی ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات ہوئی ہے۔ محسن نقوی نے مشہد میں امام علی رضا کے روضے پر بھی حاضری دی تھی۔ مشہد پہنچے پر خراسان کے گورنر نے ان کا استقبال کیا تھا۔


