بلیدہ، تیز ہواﺅں کے باعث بعض کھمبے گرنے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی تین روز سے معطل، شدید گرمی میں لوگ بے حال
بلیدہ (نمائندہ انتخاب) بلیدہ کے متعدد علاقوں میں بجلی کے چند کھمبے گرنے سے متعدد علاقے تاریکی میں، بلیدہ میں گزشتہ دنوں تیز ہوا چلنے کی وجہ سے متعدد کھمبے گرگئے ہیں،جس کے نتیجے میں سلو، میناز، الندور ،کوچگ سمیت متعدد علاقے گزشتہ تین دنوں سے مکمل طور پر بجلی سے محروم ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے موسم میں مسلسل بجلی کی بندش نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیاہے۔ پانی کی فراہمی، کاروباری سرگرمیوں اور روزمرہ ضروریات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں. علاقہ مکینوں نے اس امر پر تعجب کا اظہار کیا ہےکہ علاقہ تین دن سے بجلی سے محروم ہیں جبکہ حکام نے ابھی تک اقدامات نہیں اٹھا یا ہے،اتنے سارے نمائندوں کے ہوتے ہوئے بھی تین چار کھمبوں کی وجہ سے پورا علاقہ بجلی سے محروم ہوسکتا ہے۔ عوام نے بلیدہ کے نمائندے میر ظہور احمد بلیدی، ایکسیئن کیسکو ودیگر متعلقہ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ متاثرہ علاقوں کے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


