بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم، نوکنڈی میں 47، سبی میں 45 ڈگری ریکارڈ، کئی علاقوں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات

کوئٹہ (یو این اے) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے کچھ علاقوں میں بارش بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، موسی خیل، لورالائی، قلات، خضدار، بارکھان، شیرانی، کوہلو اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیارت میں 28 اور ژوب میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔اسی طرح سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ، تربت میں 40، نوکنڈی میں 47 اور چمن میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقوں گوادر اور جیوانی میں موسم نسبتا معتدل رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرم اور مرطوب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے متوقع علاقوں میں شہری موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں