مستونگ میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی امن دشمن عناصر کیلئے کاری ضرب ہے، میر ظہور بلیدی
کوئٹہ (آئی این پی)صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو امن دشمن عناصر کے لیے کاری ضرب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ریاستی عزم مزید واضح ہوگیا ہے۔میر ظہور بلیدی نے اپنے بیان میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ آپریشن سیکیورٹی فورسز کی بروقت حکمت عملی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی دہشت گردی کے نیٹ ورک کے لیے واضح وارننگ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہر سطح پر جاری رہے گی۔ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی جدوجہد پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے تحفظ اور امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ قومی یکجہتی اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں امن کی ضمانت ہیں، بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے راستے میں رکاوٹ بننے والی قوتوں کو شکست دی جائے گی۔میر ظہور بلیدی نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل سدباب تک امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور ریاست اپنے عوام کے تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھاتی رہے گی۔


