وفاق صوبوں پر حملے کر رہا ہے صوبے جواب دے رہے ہیں، شاہدخاقان عباسی
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سابق ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تقرری کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔پیرکوسابق ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تقرری کیس کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ سندھ ہائیکورٹ نے نیب حکام اور نیب وکیل کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے ریمارکس میں کہاکہ سابق وزیراعظم اسلام آباد سے یہاں آگئے نیب والے نہیں آئے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے سابق وزیراعظم اور دیگر کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کر دی۔خیال رہے شاہد خاقان پر سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی غیر قانونی تقرری کا الزام ہے۔پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت میں سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ کراچی کے مسائل صرف ایک حکومت کے نہیں ہیںجب بارش زیادہ ہوتی ہے تو پانی اِکھٹا ہوگا، بارش کے دوران ڈیفنس کے علاقے بھی متاثر ہوئے، مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے سیاست نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ وفاق صوبوں پر حملے کر رہا ہے صوبے جواب دے رہے ہیں، اب ان چیزوں کی گنجائش نہیں ہے، کوشش کرنی چاہیے مسائل حل ہوں، وفاقی صوبائی اور لوکل گورنمنٹ کو مل کر کام کرنا ہوگا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب بجلی بند ہو گی تو موبائل فون سروس بھی متاثر ہو گی، کراچی میں غیر معمولی بارش ہوئی ہے، ایسی بارشوں میں دبئی، عمان اور جدہ ڈوب گئے تھے۔انہوں نے مسلم لیگ( ن) کی رہنما مریم نواز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز جب خاموش رہتی ہیں تو کہتے ہیں وہ خاموش ہوگئی، جب مریم نواز کچھ بولتی ہے تو سب کہتے ہیں کہ وہ بول رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مریم نواز پارٹی کی نائب صدر ہیں وہ سیاست میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔


