کوئٹہ گرلز کالج میں ہنگامہ آرائی، چوکیدار پر مبینہ تشدد، وکیل سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج
ؓٓکوئٹہ ( آئی این پی ) کوئٹہ کے گلستان روڈ پر واقع گورنمنٹ گرلز کالج میں طالبہ کو مقررہ وقت سے قبل کالج سے لے جانے کی اجازت نہ ملنے پر مبینہ ہنگامہ آرائی، چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنانے اور زبردستی کالج میں داخل ہونے کے الزام میں وکیل سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ بجلی روڈ میں گرلز کالج کے چوکیدار محمد اکبر کی مدعیت میں ولید اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق 3 اکتوبر کو دوپہر تقریباً 12بج کر 15منٹ پر ولید نامی شخص کالج کے گیٹ پر پہنچا اور بتایا کہ وہ کالج میں زیر تعلیم اپنی بھابھی کو لینے آیا ہے۔ چوکیدار کی جانب سے اسے بتایا گیا کہ کالج اوقات میں طالبہ کو لے جانے کیلئے باقاعدہ درخواست اور کمیٹی کی منظوری ضروری ہے تاہم کمیٹی نے درخواست منظور نہیں کی کیونکہ کالج کے ایس او پیز کے تحت طالبات کو کالج اوقات میں والد یا بھائی کے علاوہ کسی شخص کے ساتھ جانے کی اجازت نہیں۔مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اجازت نہ ملنے پر ولید نے مبینہ طور پر بدتمیزی اور گالم گلوچ کی اور پرنسپل کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ اس دوران دوسرے چوکیدار محمد اعظم سے بھی مبینہ طور پر الجھ پڑا۔ایف آئی آر کے مطابق ولید نے خود کو وکیل ظاہر کرتے ہوئے اپنا وکالت کارڈ دکھایا اور مبینہ طور پر دھمکی دی جس کے بعد اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کو بلانا شروع کردیا۔ پولیس کے مطابق تقریبا ڈیڑھ بجے کالج کی چھٹی کے وقت ولید مبینہ طور پر 15سے 16نامعلوم افراد کے ہمراہ کالج کے گیٹ پر پہنچا جہاں موجود چوکیدار محمد اعظم کو مبینہ طور پر زدوکوب کرنے کے بعد ملزمان زبردستی کالج میں داخل ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق افراد نے پرنسپل کے دفتر میں جا کر شور شرابہ کیا تاہم پرنسپل اور دیگر عملے نے انہیں دفتر سے باہر نکالا اور واقعے سے متعلق اعلی حکام کو آگاہ کیا۔پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے چوکیدار محمد اعظم کو دائیں کندھے اور گردن میں اندرونی چوٹ، جسم کے مختلف حصوں میں درد اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر طبی معائنے کیلئے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 337-A، 147، 149، 353، 186، 504، 506 اور 354 کے تحت درج کرلیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش اے ایس آئی سید حضرت علی کے سپرد کردی گئی ہے۔


