کچلاک،سرکاری اراضی پر غیر قانونی ہاوسنگ اسکیم کے متاثرین کی ایک بڑی تعداد نے نیب بلوچستان سے رجوع کر لیا

کوئٹہ:قومی احتساب بیورو بلوچستان کی جانب سے سرکاری اراضی پر غیر قانونی ہاوسنگ اسکیم چلانے والے لینڈ مافیا کے خلاف کریک ڈاون کے بعد ہاوسنگ اسکیم کے متاثرین کی ایک بڑی تعداد نے نیب بلوچستان سے رجوع کر لیا، جبکہ ڈی جی نیب بلوچستان کی ہدایت پر متاثرین کے نقصان کے فوری ازالے کے لئے میگا سٹی کچلاک اور جان ٹاون کچلاک ہاوسنگ اسکیم متاثرین کو جلد از جلد نیب بلوچستان آفس سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے قومی احتساب بیورو بلوچستان نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے میگا سٹی کچلاک اور جان ٹاون کچلاک کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تو انکشاف ہوا کہ مذکورہ بالا ہاوسنگ اسکیمز سرکاری زمینوں پر قبضہ کر کے بنائی گئی، جس میں ہزاروں لوگوں کو غیر قانونی طور پر پلاٹ فروخت کر دئیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اسکیمز کے مالکان نے سرکاری زمین پر اسکیمز بنا کر دھوکے دہی سے عوام سے بھاری رقم وصول کی۔بعد ازاں نیب بلوچستان نے قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا، جن سے تحقیقات جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں