کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کا مسئلہ قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی برائے توانائی میں اٹھائیں گے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کوئٹہ میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرد موسم کی آمد کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے سمیت روزمرہ امور کی انجام دہی میں دشواری پیش آرہی ہے، جبکہ خصوصا صبح اور شام کے اوقات میں گیس کا کم پریشر عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گیس عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور سردیوں کے موسم میں اس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی اور متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی اور پریشر کے مسئلے کا جائزہ لے کر اس کے حل کے لیے موثر اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وہ کوئٹہ میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا معاملہ قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاسوں میں بھی اٹھائیں گے اور متعلقہ حکام کی توجہ اس اہم عوامی مسئلے کی جانب مبذول کرائیں گے تاکہ گیس کی فراہمی میں درپیش مشکلات کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر متعلقہ فورم پر آواز اٹھانا ان کی ذمہ داری ہے۔


