پنجاب سمیت ملک بھر میں غیر جماعتی انتخابات کے انعقاد کا امکان
لاہور :وفاقی حکومت نے ملک کے چاروں صوبوں میں اپنی سیاسی ساکھ کو سامنے رکھتے ہوئے چاروں صوبوں میں اور بالخصوص پنجاب میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کروانے پر سوچ بیچار شروع کردیا ہے۔ پی ٹی آئی لاہور کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پارٹی کے ممکنہ امیدواروں کو متوقع غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آگاہی فراہم کردی ہے۔ جس کی تصدیق پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کی تنظیمی عہدیداروں نے بھی کی ہے۔ سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بعد بلدیاتی اداروں کے اراکین کو ساتھ ملانے کی کوشش کی جائے گی اور اس کوشش میں کامیابی کے بعد شہر کے لارڈ میئر کے انتخابات کا انعقاد متوقع ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات ہونے کی صورت میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار مختلف گروپوں اور دھڑوں کے نام سے میدان میں اتریں گے اور وہ نام ان امیدواروں کے حوالے سے عوام میں سیاسی حوالہ بنیں گے تاہم اس تجویز پر تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی سابق صدر ضیاء الحق کے دورے حکومت میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات میں ضیاء الحق نے بلدیاتی اداروں میں حکومتی حمایت یافتہ عہدیداران کو کامیاب کروایا تھا۔ (شعیب عزیز)


