ریا چکر بورتی کا سارہ علی خان پر منشیات لینے کا الزام

بولی وڈ اداکارہ ریا چکر بورتی نے انسداد منشیات فورس نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ سارہ علی خان اور دیگر چند لوگ بھی ڈرگ اسکینڈل میں ملوث تھے۔

خیال رہے کہ نار کوٹکس بیورو نے ریا چکربورتی کو 8 ستمبر کو رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

ریا چکربورتی کو مسلسل تین دن تک تفتیش کے بعد اس وقت گرفتار کیا گیا جب انہوں نے نارکوٹکس حکام کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ وہ سابق بوائے فرینڈ سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی تھیں۔

ریا چکربورتی سے قبل ہی نارکوٹکس بیورو نے ان کے بھائی شووک چکر بورتی اور سشانت سنگھ راجپوت کے منیجر سیموئل مرنڈا اور باورچی دیپیش ساونت کو بھی گرفتار کیا تھا جب کہ اداکارہ سمیت اب تک مجموعی طور پر 10 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ریا چکربورتی کو گرفتار کیے جانے کے بعد ایک رات نارکوٹکس کے دفتر میں ہی رکھا گیا تھا، تاہم بعد ازاں 9 ستمبر کی صبح کو ہی انہیں ممبئی کی بدنام زمانہ بائکُلا جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

جیل میں دو راتیں گزارنے کے بعد ریا چکربورتی کے وکیل نے ممبئی کی خصوصی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، تاہم عدالت نے ان کی درخوست مسترد کردی تھی۔

پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق این سی بی کی تفتیش کے دوران ریا چکر بورتی نے بتایا کہ ان کے اور سشانت سنگھ کے ساتھ راکول پریت سنگھ اور ڈیزائنر سیمون کھمباٹا بھی منشیات لیتے تھے۔

ریا چکر بورتی کے انکشاف کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے شوبز سے جڑی ان شخصیات پر تنقید کی جارہی ہے۔

اس کے ساتھ ہی ٹوئٹر پر سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو تمام مصنوعات کے اشتہارات سے ہٹانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ایک صارف نے لکھا کہ سارہ علی خان کو تمام اشتہارات سے ہٹایا جائے، ہم اقربا پروری اور منشیات استعمال کرنے والوں سے تنگ آگئے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہم آپ کی مصنوعات استعمال کریں تو فوری ایکشن لیں۔ٹائمز ناؤ کی رپورٹ کے مطابق ریا چکر بورتی نےاعتراف کیا تھا کہ ان تینوں افراد نے سنشانت سنگھ اور ان کے ساتھ منشیات لی تھیں۔

ٰخیال رہے کہ سارہ علی خان نے سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ کڈر ناتھ نامی فلم میں کام کیا تھا۔علاوہ ازیں سیموئل ہاکیپ نے دعویٰ کیا تھا کہ مبینہ طور پر سارہ علی خان اور سشانت سنگھ کا ایک دوسرے سے تعلق بھی تھا۔

علاوہ ازیں نارکوٹکس بیورو نے سشانت سنگھ کیس میں منشیات کے استعمال کا معاملہ آنے اور ریا چکربورتی سمیت دیگر ملزمان کے انکشافات کے بعد مزید 25 بولی وڈ شخصیات کو سمن جاری کرنے کی تیاری کرلی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نارکوٹکس بیورو نے بولی وڈ کی اہم ترین شخصیات سمیت مجموعی طور پر 25 اداکاروں کی فہرست تیار کی ہے، جنہیں جلد بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے سمن جاری کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ ریا چکر بورتی نے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا تھا کہ بولی وڈ کے 80 فیصد سیلیبریٹیز منشیات لیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں