اسمبلیوں سے استعفے اور تحریک عدم اعتماد دنوں آپشن موجود ہیں، بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس حکومت کو جانا ہی جانا ہے، ہم جیل جانے کو بھی تیار ہيں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت کے کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور اسمبلیوں سے استعفے دونوں آپشن موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اس کے سہولت کاروں کے بوکھلانے سے اندازہ لگالیں کہ اپوزیشن کی ماضی کی اور اب کی کوششوں میں کچھ تو فرق ہے جب کہ عوام اپوزیشن سے تنگ آنا شروع ہوچکے ہیں کہ کب اس حکومت کے خلاف باہر نکلیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ عمران خان اپنی سیاسی بیان بازی درست کریں، ادارے کسی ایک جماعت کے نہیں ہر پاکستانی کے ہوتے ہيں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات صاف و شفاف نہیں ہوئے تو اس کا خمیازہ اس حکومت اور اس کے سہولت کاروں کو بھگتنا پڑے گا۔
پی پی چیئرمین نے جزائر سے متعلق وفاقی حکومت کے آرڈیننس کو تضحیک آمیز قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس پر حکومت سے کوئی بات نہيں ہوگی۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔


