پاکستان، چین مشن کے تحت سرحدی تنازع پیدا کرنا چاہتے ہیں، بھارت
نئی دہلی :بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے الزام لگایا کہ پاکستان اور چین ایک مشن کے تحت بھارت کے ساتھ سرحدی تنازعات کو ‘پیدا کرنے’ پر کام کر رہے ہیں۔راج ناتھ سنگھ نے مذکورہ بیان مقبوضہ کشمیر، لداخ، اروناچل پردیش، ہماچل پردیش، سکم، اتراکھنڈ اور بھارتی پنجاب سمیت پاکستان اور چین کے ساتھ واقع بھارت کی سرحدوں کے قریبی علاقوں میں تعمیر کیے جانے والے 44 پلوں کے افتتاح کے موقع پر ورچوئل تقریب میں دیا۔انہوںنے کہاکہ پلوں کا مقصد فوجیوں کی نقل و حرکت اور ہتھیاروں کی آمدورفت میں آسانی ہے۔علاوہ ازیں راج ناتھ سنگھ نے اروناچل پردیش میں نیکیپو ٹنل بھی لانچ کیا۔بھارتی وزیر دفاع نے اپنے ورچوئل خطاب میں کہا کہ آپ ہمارے شمالی اور مشرقی سرحدوں کے ساتھ پیدا ہونے والی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان اور اب چین بھی، گویا کسی مشن کے تحت کوئی سرحدی تنازع پیدا کیا جارہا ہے۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ‘ہمارے پاس ان ممالک کے ساتھ 7 ہزار کلو میٹر کی سرحد ہے، جہاں تناؤ برقرار ہے۔راج ناتھ سنگھ نے تعمیر شدہ پلوں کی اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج کے جوان ان علاقوں میں بڑی تعداد میں تعینات ہیں جہاں ٹرانسپورٹ پورے سال دستیاب نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سڑکیں نہ صرف تزویراتی ضروریات کے لیے ہیں بلکہ یہ قوم کی ترقی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مساوی شراکت کی عکاسی کرتی ہیں۔


