پارٹی رہنما کے گھر پر فائرنگ شرمناک عمل ہے، غلام نبی مری

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے گزشتہ دنوں ضلع خاران میں بی این پی تحصیل خاران کے صدر حاجی اصغر ملنگزئی کے گھر اور گاڑی پرنامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں حاجی اصغر ملنگزئی کے گھر رات 10بجے کے قریب نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعات نہ صرف صوبے کے روایات کے برخلاف ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور چادرو چاردیواری کی پامالی بھی ہے اس ناروا ، افسوسناک اور شرمناک حرکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کے نام نہاد جمہوری حکومت کے دور میں بھی بی این پی کے کارکنوں اور رہنمائوں کو اس طرح کے بزدلانہ واقعات کا سامنا ہے ایسے واقعات کا مقصد چادر و چاردیواری کے تقدس کی پامالی کرتے ہوئے خوف و ہراس پھیلانا ہے تاکہ بی این پی کے نظریاتی کارکن اپنے اصولی موقف سے دستبردار ہوسکے تاہم ہم بتانا چاہتے ہیںکہ بی این پی کے قائدین ، رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف سابق آمر پرویز مشرف کے دور میں بھی اس طرح کے واقعات تسلسل سے ہوتے رہے بی این پی کی تاریخ رہنمائوں و کارکنوں کی ماورائے آئین و قانون گرفتاریوں اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی عوامی مقبولیت ، بلوچستان کے ساحل وسائل پر واک و اختیار ، پی ڈی ایم میں پارٹی کی شمولیت ، اٹھارویں آئینی ترمیم اور جزائر سے متعلق صدارتی آرڈیننس کے حوالے سے پارٹی کی واضح موقف سے خائف ہو کر مسترد شدہ قوتیں اس طرح کی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں ۔ پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے وسائل پر حقیقی واک واختیار ، انسانی مساوات ، سماجی انصاف کے لئے جدوجہد کی ہے ہم ایسے منفی ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حاجی اصغر ملنگزئی کے گھر اور گاڑی پر فائرنگ کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتارکرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کبھی بھی اپنے کارکنوں کو ایسے مشکل وقت اور حالات میں اکیلے نہیں چھوڑے گی بلکہ پارٹی کی پلیٹ فارم سے اس طرح کے واقعات کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں