سعودی عرب میں واقعہ فرانسیسی کونصل خانے پر حملہ
ریاض:سعودی عرب میں ایک شخص نے تیز دھار آلے کی مدد سے فرانسیسی قونصل خانے کے باہر تعینات گارڈ پر حملہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں جدہ میں واقع قونصل خانے کے باہر تعینات یہ گارڈ زخمی ہو گیا ہے۔ تاہم سعودی پولیس نے گارڈ پر حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جس کا تعلق سعودی عرب سے ہی بتایا جا رہا ہے۔
پولیس کی جانب سے گرفتار شخص سے تفتیش جاری ہے جس کے بعداس حملے کے محرکات اور منصوبہ بندی کے حوالے سے مزید حقائق سامنے آ سکیں گے۔سعودی میڈیا کے مطابق زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ فرانس کے شہر نیس میں آج چرچ کے قریب ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیاہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔شہر کے مئیر نے اسے دہشت گردی قرار دے دیا ہے۔مئیر کرسچن ایسٹرائے نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ شہر کے معروف نوٹرے ڈیم چرچ میں دہشت گردی کا حملہ ہوا ہے۔پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔چرچ میں ہوئے چاقو حملے سے متعلق ہر چیز اسے دہشتگرد حملہ ظاہر کرتی ہے، فرانسیسی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ شہر میں پولیس آپریشن جاری ہے۔خیال رہے کہ فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیانات کے خلاف مسلم دنیا میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، تہران میں فرانسیسی سفارت خانے کے باہر سیکڑوں افراد نے دھرنا دیا، ڈھاکا میں ہزاروں افراد نے بڑا مظاہرہ کیا۔


