پی ڈی ایم میں کوئی تفریق نہیں،یوسف رضا گیلانی
ملتان:سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں کوئی تفریق نہیں،پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے ہمیں ایک بارپھر چارٹرآف ڈیموکریسی کرنا چاہیے۔وہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود، نتاشا دولتانہ سمیت دیگر پارٹی رہنماء بھی موجودتھے۔سید یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ جو بائیڈن جب امریکہ کے نائب صدر منتخب ہوئے تھے تو انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جو بائیڈن سے ہماری کافی ملاقاتیں ہوئی تھیں۔ امریکی صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج سامنے نہیں آتے اس وقت تک میں اس حوالے سے بیان نہیں دے سکتامگر امریکہ کی پالیسی میں زیادہ فرق نہیں آتا۔انہوں نے کہاکہ جب بھی ملکی سیاسی حالات بدلتے ہیں تو وفاداریاں بھی تبدیل ہوجاتی ہیں مگر اس سے ملکی بڑی سیاسی پارٹیوں کو فرق نہیں پڑے گا،لوگ پارٹیوں کے منشور دیکھ کر انہیں ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کے ملتان میں جلسہ منعقد کرنے پر مشکور ہیں اورپی ڈی ایم میں کوئی تفریق نہیں۔اپوزیشن پارٹیوں کے تمام سربراہان ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں جب میاں نوازشریف اور بے نظیر بھٹو کے درمیان چارٹر آف ڈیموکریسی ہوا تھا اس میں بہت سی چیزوں پر اتفاق کیاتھا جس میں میاں نوازشریف الیکشن کا بائیکاٹ کرنا چاہتے تھے تاہم بے نظیر بھٹو نے انہیں الیکشن لڑنے کیلئے آمادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری روایات اور اقدار کی امین ہے اوروہ الیکشن کے بائیکاٹ کرنے پر یقین نہیں رکھتی بلکہ وہ انتخابی عمل کاحصہ بننا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور اقتدار میں چارٹر آف ڈیموکریسی کی وجہ سے 73کا آئین اس کی اصل شکل میں بحال کیاگیا۔اٹھارویں ترمیم کی گئی اور صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے ہمیں ایک بارپھر چارٹرآف ڈیموکریسی کرنا چاہیے۔


